اسلام آباد (این این آئی ، آن لائن)سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا۔نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسیڈر محمد صادق کے مطابق سپیکر اسد قیصر کا دورہ کابل ملتوی کردیا گیا ،کابل ایئرپورٹ سیکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے بند تھا۔ محمد صادق نے کہاکہ جہاز ایئرپورٹ
پر اترنے والا تھا جب کنٹرول ٹاور سے ایئرپورٹ کی بندش کا بتایا گیا،دورے کی نئی تاریخوں کا تعین بعد میں باہمی مشاورت سے کیا جائیگا،کابل ایئرپورٹ سیکیورٹی ایشوز کی وجہ سے بند ہونے کے باعث پی آئی اے کی کمرشل فلائٹ کو واپس آنا پڑا۔ذرائع کے مطابق کابل جانے والی پرواز کو سگنل نہ ملنے کے باعث واپس لوٹنا پڑا۔دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو لکھا گیا خط کام دکھا گیا اور مسلم لیگ (ن) نے بھی بڑا یوٹرن لیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کے اجلاسوں اور غیر ملکی دوروں کا بائیکاٹ ختم کر دیا ہے ۔پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین سپیکر کی سربراہی میںافغانستان جانے والے وفد کا حصہ ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ سے متعلق امور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف جیل سے دیکھنے لگے ہیں سپیکر اسد قیصر کی جانب سے لکھا گیا شہباز شریف کوخط بھی کام دکھا دیا ہے۔مسلم لیگ (ن) نے پارلیمانی اجلاسوں اور غیر ملکی دوروں
کا بائیکاٹ ختم کر دیا ہے ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کو ایک پیغام کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ وہ دورہ افغانستان کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کے وفد کے ساتھ جائیں ،ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا حصہ بننے پر بھی غور شروع کر دیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی پہلے ہی سپیکر کے ساتھ پارلیمانی روابط بحال کرچکی ہے۔