اسلام آباد، پشاور (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی ختم کردی گئی ہے ، ایسے فیصلے کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے ۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ پشاور ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے سنگل بینچ کے فیصلے کو معطل کردیا ، ٹک ٹاک پر پابندی ختم کردی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میری
گزارش ہے ایسے فیصلے کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے جو جو پاکستان کے معاشی مستقبل پر اثر انداز ہوسکتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں بین الاقوامی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کو اپنی سرمایہ کاری کا حب بنا سکیں۔اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ نے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر سے پابندی ختم کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ٹک ٹاک کھول دیں لیکن اس پر اب غیر اخلاقی مواد نہیں آنا چاہیے۔جمعرات کو ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے سماعت کی۔دورانِ سماعت ڈی جی پی ٹی اے کے علاوہ درخواست گزار وکیل سارہ علی خان عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالتِ عالیہ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ٹک ٹاک کھولنے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ ٹک ٹاک ایپ کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔دوران سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ
ہوتی ہیں وہ ہمارے معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے لہٰذا اس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔چیف جسٹس نے ڈی جی پی ٹی اے سے استفسار کیا تھا کہ ٹک ٹاک ایپلیکیشن بند کرنے سے ان کو نقصان ہوگا؟ جس پر ڈی جی پی ٹی اے نے جواب دیا تھا کہ جی نقصان ہوگا۔ڈی جی پی ٹی اے نے عدالت کو مزید بتایا تھا کہ ہم نے ٹک ٹاک کے عہدے داروں کو درخواست دی ہے لیکن ان کی جانب سے ابھی مثبت جواب نہیں آیا۔