اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے خط کے جواب میں سعودی ولی عہد محمد سلمان نے ان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان سے اْن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔حالیہ دنوں میں کورونا وائرس مثبت آنے کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو اپنی صحت سے متعلق آگاہی دی۔
ذرائع کے مطابق دوران گفتگو پاکستان کے بلین ٹری سونامی منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی ولی عہد نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے میں پاکستان کی شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو بلین ٹرمی سونامی میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال اور وباء کو کنٹرول کرنے سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی ٹیلیفونک گفتگو کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔دوران گفتگو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاک سعودی عرب تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔