اسلام آباد(نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں زیر حراست ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں زیر حراست ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ اور دیگر احکامات کو معطل کرتے ہوئے ماڈل ایان علی کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ایان علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایان علی نے بورڈنگ پاس ہی حاصل نہیں کیا تھا تو کرنسی سمگلنگ کیسے ہو سکتی ہے ، انھوں نے کہا کہ ماڈل کے خلاف جعلی مقدمہ بنایا گیا اور عدالت کی طرف سے فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی اس لیے ایان علی کو رہا کیا جائے۔دوران سماعت کسٹم حکام کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ تفتیش کے دوران ایان علی قصور وار پائی گئی ہیں جس پر انہیں سولہ سال قید ہو سکتی ہے اور آئندہ سماعت پر ان کیخلاف فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے دونوں وکلاءکا موقف سننے کے بعد مختصر فیصلہ جاری کر دیا جس میں ماڈل کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں ، عدالت کا تحریری فیصلہ موصول ہونے کے بعد ماڈل کو رہا کر دیا جائے گا۔ایان علی کو چودہ مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ماڈل سے غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی تھی۔