لاہور( این این آئی)سینئر کامیڈین اداکارجاوید کوڈو اپنی پانچ مرلے کی رہائشگاہ پر لگے سوئی گیس کے کنکشن کا ہر ماہ ہزاروں روپے بل آنے پر پھٹ پڑے ۔ اپنے ویڈیو بیان میں جاوید کوڈونے کہا کہ چار دہائیاں ہونے والی ہیں میں فن کی خدمت کر رہا ہوں،آج میں مختلف امراض میںمبتلاہوں لیکن مجھے اس کا یہ صلہ دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے والدین کے پانچ مرلے کے گھر میں رہتاہوں لیکن سوئی گیس کابل کبھی 15ہزار ، 20ہزار اورکبھی 24ہزار آرہا ہے ۔ انہوں نے حکمرانوں کو شدید تنقید
کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ مت بھولو کہ یہ حکومت آپ کی ہے ،خدا کی ذات کی حکومت ہے جس نے تمہیں نمائندہ مقررکیا ہے ،اگر اچھے کام کرو گے تو دعائیں لو گے اور اگر عوام کے ساتھ یہی سلوک کرو گے تو بدعائوں کے ساتھ قبر میں چلے جائوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک کبھی کسی کو بد دعا نہیں دی لیکن میں اس نہج پر پہنچ گیا ہوں کہ آج اس طرح کی باتیں کرنے پر مجبور ہو گیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ اس کا نوٹس لیں اوراس کا ازالہ کرایا جائے۔