لاہور(نیوزڈیسک)پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عوامی ریفرنڈم کرانے اور عوامی امنگوں کے مطابق منصوبے کی تکمیل کےلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔مذکورہ درخواست وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ خان نے دائر کی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے قومی اورعوامی مفادات کے برعکس چین سے راہداری منصوبوں کے معاہدے کئے۔حکومت نے چالیس سال کے لئے گوادر پورٹ لیز پر چین کے حوالے کر دی اور اس معاہدے میں ملکی مفاد یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی راہدری منصوبے سے متعلق چین سے کئے جانے والے معاہدوں پر عوامی ریفرنڈم کرانے کا حکم دیا جائے،ان معاہدوں کو عوامی امنگوں کے مطابق از سر نو تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے گوادر پورٹ کو چالیس کی بجائے بیس سال کے لئے لیز پر چین کے حوالے کرنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔