لاہور(نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ،انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن سے حالات میں بہتری آئی ہے ،ضرب عضب آپریشن سے شہری علاقوں میں مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار لاہور گیرژن کے دورہ کے موقع پر کیا ۔آرمی چیف نے اس موقع پر آرمی آفیسرز سے بھی خطاب کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوکور ہیڈ کوارٹرز لاہور کے دورہ کے موقع پر پیشہ وارانہ امور اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پرملک کی اندرونی اوربیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ آرمی چیف کے خطاب کے مرکزی نکات میں اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال، آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس بیس آپریشن تھے۔ جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آپریشن ضرب عضب سے شہری علاقوں میں مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن سے ملک میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ آرمی چیف نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔