کراچی(این این آئی)پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوران فیلڈنگ ساتھیوں پر برہم ہونے کا الزام درست نہیں، یہ میرا انداز ہے۔ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے کہاکہ میرا شروع ہی سے یہ انداز رہا ہے، یہ عمل گرائونڈ تک ہی محدود رہتا ہے،
باہر آکر سب چیزیں ختم ہو جاتی ہیں، نجانے لوگوں کو ایسا کیوں محسوس ہوا کہ میرا طرز عمل درست نہیں۔انھوں نے کہا کہ میں ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کروں گا، امید ہے کہ پرفارمنس بہتر ہوتی چلی جائے گی، ڈوپلیسی اور اسٹین کی موجودگی سے ہماری ٹیم مضبوط ہوگئی ہے۔سرفراز نے کہا کہ پی ایس ایل6 کے ابتدائی 2 میچز میں شکست کی بنیادی وجہ ہماری خراب فیلڈنگ تھی، بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی مناسب ہیں۔انھوں نے کہا کہ یونیورسل باس کے نام سے پکارے جانے والے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا شاندار تجربہ رہا، میں بطور کپتان ان کی کمی محسوس کروں گا،امید ہے وہ اپنے وطن کی جانب سے سیریز کھیلنے کے بعد دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن جائیں گے۔