کراچی (آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف سچائی بیان کرنے پر میرا ٹویٹر اکاؤنٹ بند کردیا گیا۔اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ ٹوئٹر نے میرا اکاؤنٹ بند کر دیا، لگتا ہے کہ ایسا بھارت کے خلاف سچائی بیان کرنے پر کیا
گیا، میں اپنے ملک سے پیار کرتا ہوں، کوئی بھی پابندی مجھے سچ اور حق گوئی سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سچ بیان کیا ہے اور آئندہ بھی حق اور سچائی پر ڈٹا رہوں گا، اگر سماجی رابطے کے ذریعہ ٹوئٹر نے میرا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے تو اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔میں کسی بھی قیمت پر سچ بولنا نہیں چھوڑوں گا۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خا ن پر بھی شدید تنقید کی تھی کہ ان کی قسمت میں مانگنا ہی لکھا ہے اور ویڈیومیں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے چندہ مانگ کر ہی شوکت خانم اسپتال بنایااور اب چندہ مہم کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ایسا لگتا ہے کہ ہماری زندگی میں بھیک مانگنا ہی لکھا ہوا ہے۔یہی نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی کئی بار جاوید میانداد نے پی ٹی آئی حکومت پر شدید تنقید کی ہے جبکہ عمران خان کے حکومت میں آنے سے پہلے وہ ان کے زبردست حامی تھے۔جاوید میانداد انڈیا کے خلاف بھی اکثر بولتے نظر آتے ہیں ا ور کرکٹ کے حوالے سے ان پر خاصی تنقید کرتے ہیں۔لہٰذا اب ان کا کہنا ہے کہ انڈیا کے خلاف بولنے پر ٹوئٹر نے ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے مگر انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ سچ بولنا ہی ان کا مزاج ہے چاہے اس سے کسی کو بھی تکلیف ہو۔