لاہور(این این آئی) پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ہینری کلاسن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے
بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان بابراعظم پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔بابر کے بعد قومی ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو کہ 37 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں فیلکوایو نے آؤٹ کیا۔نئے آنے والے بلے باز حسین طلعت بھی وکٹ پر زیادہ دیر قیام نہ کر سکے اور 69 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر تبریز شمسی کا شکار ہوگئے۔پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو کہ صرف 4 رنز بنا کر فورٹیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، خوشدل شاہ اور فہم اشرف بھی زیادہ دیر رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔اس دوران وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھتے ہوئے7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلی ٹونٹی سنچری مکمل کی، وہ احمد شہزادکے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔رضوان نے 64 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔محمد رضوان 104 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے فیلکوایو نے 2 اور فورٹیون،تبریز شمسی اور لوتھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل
کی۔170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے مستحکم آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جینیمین ملان تھے جنہیں 44 کے انفرادی اسکور پر عثمان قادر نے بولڈ کردیا۔اس کے بعد جب جنوبی افریقہ کا اسکور 61 رنز تھا تو 2 رنز بنانے والے
سینمان کو بھی آؤٹ کردیا۔بیٹنگ میں ناکام ہونے والے فہیم اشرف نے ڈیوڈ ملر کی صورت میں پاکستان کو اہم وکٹ دلائی اور یوں جنوبی افریقہ کے تین بلے باز 83 کے اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم اوپنر ریزا ہیڈریکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی۔کپتان ہینرک کلاسین کو حارث رؤف نے 115 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت
کے ہاتھوں کیچ کرایا، جنہوں نے 12 رنز بنائے تھے، جس کے بعد 134 کے اسکور بہترین فیلڈنگ کے ذریعے ریزا ہینڈرکس کی اننگز کا خاتمہ کیا گیا۔ریزا ہینڈرکس نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے جس میں 8 چوکے شامل تھے،حارث رؤف نے فیلاوایو کو139 رنز پر میدان بدر کیا۔ان کے علاوہ دیگر جنوبی افریقی بلے بازوں میں کوئی
نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکا، آخری اوورز میں فورٹیون اور ڈوئن پریٹورس نے خطرناک حد تک عمدہ بیٹنگ کی اور میچ کو فتح کے قریب تک لے گئے تاہم کامیاب نہ ہوسکے، دونوں نے بالترتیب 17 اور 15 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث روف اور عثمان قادر نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔بہترین بلے بازی پر پاکستان کے محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔پاکستان کی ٹیم بابر
اعظم(کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، حارث ر ؤ ف جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جیکس سنیمن، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، بی جورن فورٹین، جونیئر ڈالا، لوتھو سیپاملا، تبریز شمسی پر مشتمل تھی۔دونوں ٹیمیں 13 فروری کو دوسرے اور 14 فروری کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔