راولپنڈی (آن لائن)افغانستان سے دہشت گردوں نے باجوڑ میں 5راکٹ داغے جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید جبکہ بچی سمیت 7بچے ز خمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین سے دہشت گردوں نے باجوڑ میں ساراکئی ٹاپ او لگارائی میں 5راکٹ فائر کئے ۔جس کی زد میں آکر باجوڑ میں 5سالہ بچہ شہید ہوگیا جبکہ بچی
سمیت7دیگر بچے زخمی ہوئے۔5سالہ شہید بچے کا تعلق مومند سے ہے۔ دوسری جانب جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی صدارت میں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی،چیف آف ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور وزارت دفاع،وزارت دفاعی پیداوار اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سٹرٹیجک و روایتی پالیسیوں /ڈاکٹرائنز اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے تناظر میں ابھرتے ہوئے علاقائی جیو سٹرٹیجک ماحول بشمول تیزی سے ہونے والی پیشرفتوں کا جائزہ لیا گیا ۔شرکاء نے کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال پر بھی غور کیا اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی خدمات کو سراہا،جو کہ کووڈ 19پر قابو پانے کیلئے متحدہ قومی کوشش کیلئے قائم کیا گیا تھا۔شرکاء نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے اس مؤقف کو دوہرایا کہ بہادر کشمیری عوام کی ان کی اپنی انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کے
حصول کیلئے سفارتی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رہے گی۔اجلاس میں اس عزم کو دوہرایا گیا کہ مسلح افواج جامع سیکورٹی حکمت عملی کے تحت ہر طرح کے خطرات سے پوری طرح نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔شرکاء نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔آخر میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے تمام دفاعی وسیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔