راولپنڈی (این این آئی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بھارتی مظالم کا عزم و ہمت سے مقابلہ کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے انسانی المیے کے خاتمے کا وقت آگیاہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ
کشمیری بھارتی مظالم کا عزم و ہمت سے مقابلہ کر رہے ہیں، لاک ڈائون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور عالمی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرکے اس انسانی المیے کو ختم کیا جائے۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری منزل اور سوچ ایک ،منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیریوں پر ظلم و ستم جاری ہے مگر کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے،پاکستان کے تمام مکاتب فکر،سیاسی جماعتیں اور ادارے مسئلہ کشمیر پر ایک سوچ رکھتے ہیں،کامیابی کشمیریوں کا مقدر بنے گیمیڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، عالمی میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ حالات کا جائزہ لینے آئے آپ آزاد کشمیر جائیں۔یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین سینیٹ،سپیکر اور وزرا سمیت تمام اراکین پارلیمنٹ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو پیغام دینا ضروری ہے کہ 18ماہ سے کشمیری اظہار رائے نہیں کر سکتے ،پر امن احتجاج نہیں کر سکتے اور مذہبی آزادی پر بھی پابندی ہے،سری نگر کی جامع مسجد میں تالے ہیں اوربھارت کو خوف ہے کہ جہاں چند لوگ جمع ہونگے ان کی پالیسی کے خلاف نفرت کا اظہار کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے تصور کی نفی ہو گئی کہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں، کشمیریوں کے جذبے کو سلام پیش کرنے باہر نکلے ہیں، کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آزادی کے خلاف نعرے بلند ہوئے تو دنیا کی توجہ حاصل کرینگے،پورے ملک میں کشمیر کی آزادی کے خواہشمند آج یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم جاری ہے مگر کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے،یہی حوصلہ ہے جسکی وجہ سے پاکستانی آپ کے ساتھ یکجہتی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان خود کشمیر جا کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرینگے ،وہ بین الاقوامی دنیا اور کشمیریوں کے لیے ایک پیغام لیکر جا رہے ہیں،پوری قوم وزیراعظم کے پیغام کی منتظر ہے،جہاں جہاں دنیا اور پاکستان میں کشمیری ہیں وہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر،سیاسی جماعتیں اور ادارے مسئلہ کشمیر پر ایک سوچ رکھتے ہیںاور اس منزل کے حصول تک ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ہماری منزل اور سوچ ایک ہے ، کامیابی کشمیریوں کا مقدر بنے گی ۔انہوں نے ہکا کہ انٹرنیشنل میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ آزاد کشمیر آئیں، بھارت بھی انٹرنیشنل میڈیا کو مقبوضہ وادی، سری نگر جانے کی اجازت دے، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت ایل اوسی پر آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، کشمیری حریت رہنماوں کو بھارت نے جیلوں میں رکھا ہوا ہے،کیا بھارت انٹرنیشنل میڈیا کو ان رہنماں سے ملاقات کی اجازت دیگا۔انہوں نے کہاکہ میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، عالمی میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ حالات کا جائزہ لینے آئے آپ آزاد کشمیر جائیں جہاں جانا چاہتے ہیں ہم بندوبست کرتے ہیں، عالمی میڈیا جس سے بات کرنا چاہتا ہے اجازت دیں گے، عالمی میڈیا کی اسی ٹیم کو سری نگر جانے دیا جائے، کیا ہندوستان عالمی میڈیا کو اجازت دے گا، انہیں بات کرنے دے گا؟ ہندوستان عالمی میڈیا کو اجازت نہیں دے گا، یہی فرق کرنا ہے۔