فیصل آباد/مکو آنہ(مانیٹرنگ +این این آئی) بیٹے کے ہاتھوں باپ کو مارنے کے لرزہ خیز واقعے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے چشتیہ ٹاؤن میں بیٹے نے اینٹ مار کر باپ کومار دیا تھا اور بہانہ بنایا کہ باپ نے صبح نماز کے لیے اٹھنے سے
انکار کیا تھا جب کہ پولیس نے واردات کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی درخواست پر تھانہ ڈی ٹائپ میں درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے بیٹے ملزم شہباز نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس نے جائیداد میں حصہ نہ ملنے پرباپ کو مار دیا اور ابتدائی طور پرمارنے کی وجہ باپ کا نماز کے لیے نہ اٹھنا بتائی تھی۔واضح رہے کہ نمازفجر کیلئے نہ اٹھنے پر بیٹے نے سر میں اینٹ مار کر والد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، چشتیہ ٹاؤن‘پل عبداللہ‘سمندری روڈ کے علاقہ میں چشتیہ ٹاؤن گلی نمبر1کے رہائشی 50سالہ مبشر رضا ولد منظور کو اس کے بیٹے نے نماز کیلئے نہ اٹھنے کا بہانہ بنا کر سر میں اینٹ مار دی جس سے مذکورہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،پولیس نے موقع پر پہنچ کرجسد خاکی کو قبضے میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کردیا،پولیس کے مطابق تحقیقات کے بعد اصل صورتحال سامنے آئیگی۔پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے اپنے والد کو صبح نماز پڑھنے کے لیے کہا اور نہ اٹھنے پر باپ کے سر میں اینٹ دے ماری جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ملزم کا مزید کہنا تھا کہ اس کے باپ نے دین پر عمل نہیں کیا اس لئے اسے مار دیا۔