واشنگٹن (این این آئی)دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیوب چینل کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا۔یوٹیوب نے ابتدائی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹیوب چینل رواں ماہ 13 جنوری کو معطل کیا تھا اس وقت وہ امریکی صدر تھے۔
یوٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل کو اس وقت بند کیا جب یوٹیوب پر تنقید کی گئی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اشتعال دلانے والے مواد کے خلاف کارروائی میں سستی سے کام لے رہا ہے۔یوٹیوب سمیت دیگر سوشل ویب سائٹس پر عوام کی جانب سے اس وقت دبائو بڑھا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے رواں ماہ 6 جنوری کو امریکی ایوان کے علاقے کیپٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی ایوان، سینیٹ، سرکاری دفاتر اور سپریم کورٹ کے علاقے کیپٹل ہل پر حملہ کرکے ایوان نمائندگان کی عمارت میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی اور پرتشدد مظاہروں کے دوران 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔کیپٹل ہل پر حملے کے بعد ٹوئٹر نے بھی ہمیشہ کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکائونٹ بند کردیا تھا اور ان کی عہدہ صدارت کی مدت 20 جنوری کو مکمل ہوئی تھی۔عہدہ صدارت مکمل ہونے کے ایک ہفتے بعد اب یوٹیوب نے ان کا چینل غیر معینہ مدت تک بند کردیا۔یوٹیوب کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 26 جنوری سے ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا۔