یروشلم (این این آئی)اسرائیلی آرمی چیف نے آئندہ سال ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کیلئے نئے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کر دی اور ساتھ ہی آئندہ سال ایران پر ممکنہ حملے کی
تیاری کا حکم بھی دیا ہے۔اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ایران پر دباؤ برقرا رکھیں گے، ایران کے پاس ایٹم بم بنانے کی صلاحیت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ اسرائیلی آرمی چیف نے امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ کو بھی خبر دار کیا ہے کہ 2015 کی ایران ڈیل میں دو بارہ شامل نہ ہوا جائے۔ دوسری جانب عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد دبئی میں بھی اسرائیلی قونصل خانہ کھول دیا گیا۔ دبئی میں اسرائیلی قونصل خانہ کھلنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں 2 اسرائیلی مشن ہوگئے اور مشرق وسطی میں اسرائیلی سفارتی مشنز کی تعداد 6 ہوگئی۔ اس کے علاوہ مراکش، بحرین، مصر اور اردن میں ایک ایک اسرائیلی سفارتی مشن ہے۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیل نے یو اے ای میں باضابطہ طور پر اپنا سفارتخانہ بھی کھول لیا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل کے شہر تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔