کوالالمپور(این این آئی )ملائشیاء کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی خرابی صحت سے متعلق چند روز سے متعدد افواہیں زیر گردش تھیں تاہم ان کے ترجمان کی وضاحت کے بعد افواہیں دم توڑ گئیں۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پرمہاتیر محمد نے کہا تھا کہ
ان کے خاندان کا ایک فرد کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے، پوسٹ میں ملائشیا کے وزارت صحت کے پروٹوکولز پر تنقید کی گئی تھی کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے سبب خاندان میں کورونا سے متاثرہ شخص نے دیگر افراد کو بھی متاثر کیا۔اگلی پوسٹ میں مہاتیر محمد نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مشکوک افراد جن میں وائرس کی علامات ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود ظاہر نہ ہوئی ہوں، کو گھروں کی بجائے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں جن میں مہاتیر محمد کی صحت کے حوالے سے شکوک و شبہات ظاہر کئے جارہے تھے تاہم اب جواب میں ٹوئٹر پر ان کے ترجمان آدم مخرز محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد صحت مند اور اپنے گھر پر موجود ہیں۔مہاتیر کی بیٹی کے حوالے سے خبر رساں ادارے کی جانب سے بھی بتایا گیا کہ ان کی صحت ٹھیک ہے اور وہ تندرست ہیں۔ان کے ہسپتال داخل ہونے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔