اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس بارے میں منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں فیصلہ متوقع ہے،نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس فیصلے کے خلاف میئر اسلام آباد پیر عادل گیلانی نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایف نائن پارک اسلام آباد کے باسیوں کا پارک ہے۔ پارک کو گروی رکھ کر قرضہ لینے کی مذمت کرتے ہیں۔پیر عادل گیلانی کا تعلق ن لیگ سے ہے ان کا کہنا ہے اسلام آباد کے ایف نائن پارک کے عوض سکوک بانڈز جاری نہیں ہونے دیں گے۔گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایف نائن کو گروی رکھنے کے بدلے 500 ارب روپے حاصل کئے جائیں گے، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا،سترہ نکاری ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس منگل کو دوپہر بارہ بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا،وفاقی کابینہ ملکی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے گی،وفاقی کابینہ براڈ شیٹ کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے گی،کابینہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک پر بھی غور کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا،کابینہ کو کفایت شعاری اور ری اسٹرکچرنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور فیوچر ایڈمنسٹریشن فنڈ بارے بریفنگ دی جائے گی،وفاقی کابینہ اجلاس میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کو اقتصادی
اور معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی،کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ اور شیڈول منظوری دی جائے گی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ کابینہ کیسامنے رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایف نائن پارک کی خالی زمین کے عوض مقامی اور عالمی سطح پر سکوک بانڈز کے
اجراء کی منظوری دی جائے گی،نفٹ میں لازمی سروسز ایکٹ کے نفاز کی توسیع کی منظوری دی جائے گی،پاکستان کی ماحولیاتی آلودگی سے متعلق انٹرنیشنل نیٹ ورک بمبو اینڈ رتن میں شمولیت پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں لازمی سروس ایکٹ کی توسیع کی منظوری کابینہ
دے گی،نادرا کے مالی سال 2020 کے مالیاتی اکاؤنٹس کے آڈٹ کی منظوری دی جائے گی،ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں الاٹمنٹ پالیسی کے ایم او یو کی منظوری دی جائے گی،لاہور میں وزارت مذہبی امور کے پلاٹ کی فروخت کیلئے این او سی کی منظوری دی جائیگی،کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات اور انرجی کمیٹیوِں کے 18 جنوری کے فیصلوں کی توثیق کرے گی،وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 جنوری کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔