اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے سب سے بڑے پارک ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر پانچ سو ارب قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس بات کا انکشاف نجی ٹی وی چینل 92 نیوز نے کیا ہے، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے این او سی
جاری کر دیا گیا ہے، اس بارے میں وزارت خزانہ نے سمری کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے، ٹی وی ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ایف نائن پارک کی طرح گزشتہ سال جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو گروی رکھ کر پانچ سو ارب روپے کا قرض لیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب تاجر برادری کا کہنا ہے کہ بجلی و گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان جنم لے گا ،آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلنے والے حکمران غریب عوام کیلئے بھی سوچیں ،اور غریب مہنگائی اور بے روزگاری سے مر گئے ،تو حکمرانی کس پر کریں گے ،ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجراں کے جنرل سیکرٹری میاں محسن ادریس نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،میاں محسن ادریس نے کہا کہ انتخابات سے قبل آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کی باتیں کرنے والے آج آئی ایم ایف کے قدموں میں پڑے ہیں ،اور انکی سخت ترین شرائط پر قرض حاصل کررہے ہیں ،ملک بھر میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکا ،جبکہ پہلے سے بنی سڑکیں انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں،آئے روز بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھا دئیے جاتے ہیں ،نااہل حکمرانوں کے پاس مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کوئی منصوبہ اور سوچ نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی اور علاج معالجہ سے محروم ہوکر رہ گئے ہیں ،حکمران اگر ملک وقوم کا فائدہ نہیں کرسکتے تو اقتدار چھوڑ دیں ۔