ممبئی (این این آئی)سینئر بھارتی اداکار انوپم کھیر نے بالی وڈ انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کے آغاز سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اداکار بننے کی خواہش لیے صرف 37 روپے لے کر ممبئی آئے تھے۔انوپم کھیر کا شمار بھارت کے مشہور اور بڑے اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں انوپم کھیر نے اپنی زندگی اور کیرئیر کے دوران پیش آنے والی ان مشکلات کا ذکر کیا جو انہیں اس مقام تک پہنچنے کیلیے برداشت کرنا پڑی ۔انوپم کھیر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا کہ ان کی والدہ کو انوپم کھیرکے اچھے اسکول میں داخلے کے لیے اپنے زیوارت بیچنا پڑے کیونکہ ان کے والد 90 روپے ماہانہ کماتے تھے۔بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کے شہر ممبئی ایک اداکار بننے کی خواہش لیے آئے تھے اور اس وقت ان کے ہاتھ میں 37 روپے تھے تاہم وہ اپنی دوسری اقدار سے آراستہ تھے۔انوپم کھیر نے اپنی والدہ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ انہوں نے اپنی والدہ کو کبھی نہیں بتایا کہ انہیں کبھی کبھی پلیٹ فارمز پر سونا پڑتا ہے جب کہ اس دوران ان کی والدہ نے بیٹے کو بتائے بغیر آپریشن کروالیا۔اداکار کی پوسٹ کے مطابق جب انہوں نے فلموں میں آنا شروع کیا تو اس وقت ان کی والدہ ہی وہ شخصیت تھیں جنہوں نے انوپم کھیر کو مستحکم کیے رکھا۔واضح رہے کہ انوپم کھیر اپنی والدہ اور ان کے ساتھ گزارے لمحات کی ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پرانوپم گاہے بگاہے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔