لاہور(پ ر)مریضوں کے ہمراہ دور دراز کے علاقوں سے آئے تیمارداروں اور اہل خانہ کی آسانی کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے مہمان خانوں میں تمام سہولیات میسر ہیں۔ بڑھتی سردی کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے گرم بستر اور رضائیاں بھی بروقت مہیا کی گئیں تھیں۔
دوپہر اور رات کے کھانے سمیت تمام تر رہائشی سہولیات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے تاکہ مجبوری میں آئے پریشان حال اہل خانہ ہوٹلوں میں دھکے نہ کھائیں۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر 2018 میں اس مشن کا آغاز کیا گیا تھا اور اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جارہا ہے تاکہ مریضوں کی فیملیز کو بلاتعطل سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس سے قبل دوسرے شہروں سے آئے لوگ مریضوں کے ہسپتال داخلے کے بعد یا ہوٹل کا رخ کرتے اور جو ہوٹل کا خرچ برداشت نہ کرپاتے تو وہ فٹ پاتھ یا باغوں میں کھلے آسمان تلے سو جاتے۔ مہمان خانوں میں چند لوگوں کا تعلق لاہور سے بھی ہے کیونکہ مریض کی تیمارداری کے دوران ہسپتال میں موجود رہنا انکی مجبوری ہے، ایسے میں مہمان خانے بہت بڑی سہولت ہیں۔ ایل جی ایچ کے مہمان خانوں میں اس وقت 200 لوگوں کی گنجائش ہے، جس کو بڑھانے کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔ پرنسپل نے انتظامیہ سمیت تمام مہمان خانوں کا دورہ بھی کیا ہے، لوگوں کے تاثرات بھی پوچھے اور شکایات کے ازالے کیلئے پرنسپل اے ایم سی کی جانب سے دو ڈی ایم ایس حضرات کو فوکل پرسن منتخب کیا گیا ہے۔