لاہور (آن لائن) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے عدالت عالیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی تیار کر لی۔ 626غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی تعمیر میں ملوث افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز بشریٰ نصیرکی جگہ ڈی ایم جی گروپ کی آفیسر رابعہ ریاست کو ڈیپوٹیشن پر بلا لیا گیا۔ عدالت عالیہ لاہور
کے چیف جسٹس ، مسٹر جسٹس قاسم علی خان نے ایل ڈی اے کے زیر انصرام 626 غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر میں ملوث ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ بشریٰ نصیر اور دیگر افسران کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایل ڈی اے حکام نے بشریٰ نصیر کو بچانے کیلئے ان کی جگہ پر رابعہ ریاست کو ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کا قلمدان سونپنے کی مکمل تیار ی کر لی ہے۔ امید واثق ہے کہ آج رابعہ ریاست کو مذکورہ قلمدان سونپ دیا جائے گا، یاد رہے کہ ایل ڈی اے میں ڈیپوٹیشن افسران کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ ایل ڈی اے کی اہم ترین سیٹوں پر ہمیشہ ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران ہی قابض دکھائی دیتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ بشریٰ نصیر بھی گزشتہ 10 برس سے ڈیپوٹیشن پر ایل ڈی اے کی اہم ترین سیٹوں پر تعینات رہ چکی ہیں۔ اسی طرح ڈائریکٹر ایڈمن احمد نواز گوندل، ڈائریکٹر فنانس محمد اختر، ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ اویلیوایشن محمد طاہر ، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی فہد انیس، ڈائریکٹر ایونیو 1 ، ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ 4 عبدالرئوف، ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ 3 شاہد نعیم، ڈائریکٹر ایجوکیشن غلام مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہائوسنگ ، ڈائریکٹر ون ونڈو آپریشن ملک اظہر کھوکھر، ڈائریکٹر انجینئرنگ اینڈ کوالٹی کنٹرول عامر سلیم، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کچی آبادی عثمان غنی، میڈیکل آفیسر (میل)
ڈاکٹر سہراب خان، میڈیکل آفیسر (فی میل) ڈاکٹر حمیرا اکرم، لینڈ ایکوزیشن کلکٹرون ، ٹو، تھری خرم مختاربھنگو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن علی ریاض سیکھو، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اینڈ مارکیٹنگ محمد سہیل جنجوعہ بھی عرصہ دراز سے ڈیپوٹیشن پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز بشریٰ نصیر 3 بار ڈیپوٹیشن پر ایل ڈی اے
میں آ چکی ہیں ، اسی طرح ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی فہد انیس بھی 3 بار ڈیپوٹیشن پر کارِ سرکار انجام دیتے چلے آ رہے ہیں جبکہ ڈائریکٹر ون ونڈو آپریشن ملک اظہر کھوکھر ، معروف سیاسی رہنما ملک کرامت کھوکھر کے سگے بھتیجے ہونے کی وجہ سے ڈیپوٹیشن پر اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کچی آبادی عثمان غنی چار بار ڈیپوٹیشن پر
ایل ڈی اے کی اہم ترین سیٹوں پر کام کرتے چلے آ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ 2 روز قبل ڈیپوٹیشن پر بلائی جانے والی ڈی ایم جی گروپ کی خاتون آفیسر رابعہ ریاست کے شوہر ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کے قریبی دوست ہیں جن کی وجہ سے ان کی اہلیہ رابعہ ریاست کو ایل ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پر بلایا گیا ہے۔ رابعہ ریاست کے بارے میں موصول
ہونے والی اطلاعات کے مطابق وہ اے سی شیخوپورہ، اے سی گوجرانوالہ اور اے ڈی سی قصور بھی رہ چکی ہیں۔ ان کی تعیناتی کے دوران ان پر لگنے والے الزامات تا حال سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں جبکہ سفارش کی بنیاد پر انہیں ایل ڈی اے کی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کا قلمدان سونپا جانا بھی اپنی ذات میں ایک سوال بن کر رہ گیا ہے۔