کراچی (نیوزڈیسک) سندھ اورکراچی میں رینجرز کی تعیناتی کی تاریخ ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ اورکراچی میں رینجرز کی موجودگی کے لئے درخواست وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کوبھجوادی ہے جس کی ایک نجی ٹی وی نے بھی تصدیق کردی ہے کہ وفاق کی درخواست وزیراعلی سندھ کے آفس کوموصول ہوگئی ہے ۔ادھرذرائع کاکہناہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت نے بھی سندھ حکومت کوسندھ میں رینجرز کی موجودگی اورآپریشن جاری رکھنے کی درخواست منظورکرنے کی ہدایات کردی ہیں اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کرکے کراچی کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سندھ حکومت وفاق کی طرف سے رینجرز کے سندھ اورکراچی میں قیام کی درخواست کومنظورکرلے گی ۔جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بھی اس امید کااظہارکیاہے کہ سندھ حکومت رینجرز کی مزید تعیناتی کے لئے درخواست منظورکرلے گی ۔