اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے والے اب استعفوں سے بھاگ رہے ہیں، کوئی بھی احتساب سے بھاگ نہیں سکتا۔وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورت
حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چارٹر آف ڈیموکریسی کے آرٹیکل 23 پر بھی بات چیت کی گئی، شرکا نے بتایا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے سی او ڈی میں سینیٹ الیکشن کی اوپن بیلٹنگ پر اتفاق کیا تھا، آج دونوں جماعتیں ماضی میں کیے اپنے ہی معاہدے سے انکاری ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم آپس کے اختلافات کی وجہ سے ہی ختم ہوجائے گی، استعفیٰ دینے والے اب استعفوں سے بھاگ رہے ہیں، کوئی بھی احتساب سے بھاگ نہیں سکتا، خود عدالت میں ہر چیز پیش کی۔عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمان کے پاس جواب نہیں اسی لئے نیب میں پیش نہیں ہورہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم خان کو لینڈ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی، عمران خان نے لینڈ مافیا کے خلاف ایکشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں بڑے قبضہ مافیا موجود ہیں، ایکشن ہوا تو معلوم ہوا کہ قبضہ مافیا میں لیگی اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں۔