کراچی (این این آئی)رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران گزشتہ سال کی نسبت تجارتی خسارہ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں تجارتی خسارہ میں 101 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ پہلے ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 9 ارب
74 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ادارہ شماریات کے جولائی سے نومبر تجارتی اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق تجارتی خسارہ درآمدات میں اضافہ کے باعث بڑھا۔ جولائی سے نومبر کے دوران 19 ارب 48 کروڑ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصہ کے دوران 19 ارب 17 کروڑ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ ہوئیں تھیں۔نومبر 2020 کے دوران نومبر 2019 کی نسبت تقریبا 10 فیصد درآمدی بل بڑھا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 4 ارب 31 کروڑ ڈالر کی درآمدات رہیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران دو ارب سترہ کروڑ ڈالر کی برآمدات رہی۔ اکتوبر 2020 کی نسبت گزشتہ ماہ برآمدات میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔