اسلام آباد (این این آئی+ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پنجاب حکومت کے جلسہ روکنے پر ناکامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ملتان جلسے کے حوالے سے پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے۔
خاص کر پنجاب پولیس اور ملتان انتظامیہ کی سمجھ نہیں آئی، وفاقی وزیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چار دن تماشا لگائے رکھا، 3 دن گرفتار کرتے رہے، چوتھے دن سب کو چھوڑ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سے اور ملتان انتظامیہ سے معاملات ہینڈل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ خدا کورونا کے بعد ہمیں اس لیڈرشپ سے بھی پناہ دے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی تقریر میں جس طرح کورونا ایس او پیرز کا مذاق آڑایا گیا اس سے ان کی عقل کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ماسک نہ پہن کر وہ کیا ثابت کرنا چاہتی ہیں؟ بدقسمتی ہے کہ ایسے غیر سنجیدہ اور مغرور لیڈر پاکستان کی قیادت کرنا چاہتے ہیں۔