لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد اپنے بڑے بھائی نواز شریف کو ٹیلیفون کر کے والدہ کی تدفین کے حوالے سے مشاورت کی۔ نواز شریف نے شہبازشریف کو میت کی روانگی اور
ہمراہ آنے والے عزیز و اقارب کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دونوں بھائیوں نے تدفین کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ میاں نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ وہ تدفین کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ حمزہ شہباز نے بھی رہائی کے بعداپنے تایا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطے کر کے ان سے اظہار تعزیت کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے ان سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف کو پارٹی رہنماؤں نے نماز جنازہ کے مقام، شرکت کرنے والوں کیلئے انتظامات اور تدفین کی تیاریوں بارے تفصیلی آگاہ کیا اور ان سے رہنمائی حاصل کی۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پیرول پر رہائی کے بعد پہلے اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔ پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ سے ملاقات کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز جاتی امراء رائے ونڈ پہنچے جہاں مریم نواز اور عزیز وا قارب نے ان سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے اپنی والدہ کی نمازجنازہ اور تدفین کے لئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔