واشنگٹن (آن لائن) امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی نئی انتظامیہ کے عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ملک بہت جلد اپنی تاریخی پوزیشن پر واپس آئے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ نئی امریکی ٹیم امریکا کو
اتحادیوں کے قریب لائے گی۔ نیا سیکرٹری خارجہ دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مستحکم کرے گا۔ امریکا دنیا کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہے۔ میں نے انتھونی بلنکن کو سیکرٹری امور خارجہ اور جان کیری کو خصوصی ایلچی برائے ماحولیات مقرر کیا ہے جبکہ ایورل ہینزڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ہوں گی۔انہوں نے دنیا کے سامنے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا۔ جوبائیڈن نے اس موقع پر عالمی برادری کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو کبھی نہیں چھوڑے گا جبکہ دشمنوں سے سخت مقابلہ کیا جائے گا۔ میری ٹیم دنیا میں امریکا کا کھویا ہوا مقام واپس لائے گی۔