لندن(آن لائن ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے گردے میں پتھری کی تشخیص ہوئی ہے، میڈیکل معائنے میں پتا چلا کہ نوازشریف کے گردے نارمل کام نہیں کررہے، نوازشریف کو مزید علاج کیلئے ہسپتال داخل کیا جا سکتا
ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج سے متعلق اپنے بیان میں بتایا کہ نوازشریف کا کئی بار گردوں کا اسکین اور معائنہ ہوا ہے۔اسکین اور معائنے سے نوازشریف کے گردے میں پتھری کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیکل رپورٹس میں نوازشریف کے گردے کا نارمل کام نہ کرنے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ نواز شریف کا علاج انڈورلوجسٹس کی خصوصی ٹیم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ اگر خصوصی میڈیکل ٹیم نے ضرورت محسوس کی تو نوازشریف کو مزید علاج کیلئے ہسپتال داخل کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے منگل کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے گردے میں اچانک شدید تکلیف کے باعث انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تھا۔نواز شریف کا ہسپتال میں خون کا ٹیسٹ اور سی ٹی اسکین کیا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ نوازشریف گردے کی تکلیف کے سبب بہترمحسوس نہیں کررہے تھے جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ ہسپتال میں نواز شریف کے گردے میں پتھری کا علاج شروع کر دیا گیا اس حوالے سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو گردے کی شدید تکلیف کی وجہ سے اچانک ہسپتال جانا پڑا جس کی وجہ سے وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے۔مریم نے کہا کہ اجلاس میں نے اپنے والد کی نمائندگی کی۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ برس نومبر سے علاج کی غرض سے لندن میں ہیں۔