اسلام آباد( نیوزڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف ناروے اور روس کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ، اوسلو میں تعلیم برائے ترقی ، روسی شہر اوفا میں شنگھائی تعاون کی تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ، عالمی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف پانچ روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ناروے روانہ ہوگئے۔ وزیر اعظم کو دورے کی دعوت ناروے کے وزیر اعظم ارنا سولبرگ نے دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف ناروے کے شہر اوسلو میں تین روزہ قیام کے دوران تعلیم برائے ترقی کے حوالہ سے سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ناروے کے ولی عہد ہاکون میگنوس اور دیگر عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پاکستان اور ناروے کے وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات اور دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے ، گزشتہ دس سال میں کسی پاکستانی وزیر اعظم کا ناروے کا یہ پہلا دورہ ہے ، وزیر اعظم نو جولائی کو روس کے شہر اوفا بھی جائیں گے جہاں وہ شنگھائی عالمی تعاون کی تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم روسی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے ، خطے میں باہمی تعاون کے فروغ سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اوفا میں وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے باضابطہ ملاقات ابھی تک طے نہیں ہوئی تاہم دونوں رہنماو¿ں کی غیر رسمی ملاقات متوقع ہے۔