لاہور/رائے ونڈ (نیوزڈیسک )حساس اداروں کو فیروزوالا میں مشترکہ کارروائی میں مارے جانےوالے دہشتگروں کے معاون کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ہیں،شکیل نامی معاون کے رائے ونڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں روپوش ہونے کی اطلاعات پر وسیع پیمانے پرسرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شکیل نامی معاون 25جون کو ڈیرہ اسماعیل خان سے لاہور آیا ۔ شکیل کا قد پانچ فٹ او رتین انچ ہے اور اس کا تعلق کراچی ہے جو اردو بولتا ہے ۔جبکہ اس کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص کے رائے ونڈ یا ملحقہ علاقوں میں چھپے ہونے کی اطلاعات ہیںجس پر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور میں داخل ہونے والے دہشتگرد کی طرف سے تبلیغی مرکز اور ریلوے اسٹیشن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دینے کی اطلاع پر پولیس اور خفیہ ادارے حرکت میں آگئے ہیں اورریلوے اسٹیشن اور ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن کرکے درجنوں مشکوک افراد کوحراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں کرایہ داروں کے کوائف اکھٹے کئے جارہے ہیں جبکہ پولیس علاقہ کی ناکہ بندی کرکے مورچہ بند ہوگئی ہے ۔تشویشناک صورت حال کے پیش نظر شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ چکی ہے ۔