اسلام آباد(آن لائن) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے کسی کے کہنے پر بیان دیا ہے خواجہ آصف نے اپوزیشن اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی ہے ابھی ہم نے شروعات کی ہیں اور حکومت کو فکر لگ گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اپنا کام کر رہی ہے اور بہترین طریقے سے کررہی ہے جس کے مثبت نتائج آرہے ہیں ،اپوزیشن نے ابھی شروعات کی ہے اور آوازیں آنا بھی شروع ہوگئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے اندر کچھ لوگ موجود ہیں جو کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ایسے لوگوں پر نظر رکھنا ہوگی ۔خواجہ آصف نے میرے خلاف کسی کی ایماء پر بیان دیا ہے اوراپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ اب نواز شریف کے ساتھ ان کے تعلقات ٹھیک ہوگئے ہیں اب کسی کی تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ،اب تولوگوں کے ہاتھوں میں موبائل کی شکل میں کروڑوں ٹی وی ہیں ۔حکومت کو مزید کتنا وقت دینے بارے سوال پر آصف زرداری نے کہاکہ ابھی تو بسم اللہ کی ہے۔