اسلام آباد (این این آئی)سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ ڈاکٹر قدیر تین دن میں الزام کی تردید کریں ،ورنہ عدالت جانے پر مجبور ہونگا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر قدیر نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے ان سے دو کروڑ روپے بلیک میل کرکے لیے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے تو مشرف دور میں ڈاکٹر قدیر کے حق میں کتاب لکھی،ان سے میرے تعلقات بہت اچھے رہے۔اب انہوں نے مجھے چوروں کا سردار کہہ دیا،ڈاکٹر قدیر لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین پر ہسپتال بنانا چاہتے تھے،اصل میں وہ کرایہ معاف کروانا چاہتے تھے جو دو کروڑ روپے تھا۔ صدیق الفاروق نے کہاکہ ڈاکٹر قدیر تین دن میں الزام کی تردید کریں ،ورنہ عدالت جانے پر مجبور ہونگا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر قدیر سے معافی کا نہیں کہتا تردید کا کہہ رہا ہوں ،شاید ڈاکٹر قدیر پر عمر اور بیماریوں کا اثر ہو گیا ۔ انہوں نے کہاکہ بطور چیئرمین میں نے متروکہ وقف املاک کو منافع بخش بنایا۔