لاہور( این این آئی)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے قومی ائیر لائن کی جانب سے پیشکش کی گئی پرکشش تنخواہ کے پیکج کو ٹھکرا دیا ۔میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ارشد ملک کو 19 لاکھ کے پرکشش تنخواہ کے پیکیج کی پیشکش کی تاہم انہوں نے پرکشش پیکیج کے بجائے ائیر فورس اور پرانے ڈیپوٹیشن والے سیلری پیکیج پر کام کرنے کو ترجیح دی۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سی ای او کی تنخواہ پہلے ہی 25 فیصد کم کر دی گئی تھی۔ بورڈ کا موقف تھا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے چیف لیول کے افسران اور پائلٹ 2 ملین ماہانہ سے زائد تنخواہ لیتے رہے ہیں۔بورڈ نے سفارش کی تھی اصولی طور پر کسی بھی کمپنی کے چیف کی سیلری جونیئر افسران سے زیادہ ہونی چاہیے ۔ بورڈ کا موقف تھا کہ ہر کمپنی میں یہی اصول کار فرما ہوتا ہے، اس اصول کے تحت پی آئی اے بورڈ نے ارشد ملک کو 19 لاکھ کا ایک جامع پیکیج دینے کی سفارش کی تھی تاہم ارشد ملک نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔ ذرائع کے مطابق ارشد ملک نے موقف اپنایا کہ پی آئی ملازمین کی تنخواہیں کورونا وائرس کے باعث کم کر دی ہیں تو میں تنخواہ میں اضافہ کیسے قبول کر سکتا ہوں، ارشد ملک گزشتہ ماہ ائیر فورس سے پری ریٹائرمنٹ چھٹی پر چلے گئے تھے، وفاقی کابینہ نے انہیں کنٹریکٹ پر پی آئی اے کا سی ای او مقرر کیا تھا،اس سے پہلے وہ ائیر لائنز میں ڈیپوٹیشن پر کام کر رہے تھے۔