لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی پر پنجاب بھر سے کارکنان کو ساتھ لانا ایک سوچی سمجھی سکیم ہے،مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے کہ جب جب ان کا احتساب ہوا انہوں نے واویلا مچایا،(ن) لیگ نیب اور اداروں کے خلاف زہر اگلنے کی حد پہلے ہی پار کرچکی تھی اب مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پتھرائو بھی کرڈالا۔ اپنے بیان میں راجہ بشارت نے کہا کہ ہمارے پاس ان تمام گاڑیوں کی فوٹیجز موجود ہیں
جن سے پتھرائو ہوا،ہم نے محکمہ ایکسائز سے ان گاڑیوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں،پتھرائو کرنے والی گاڑیوں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کسی کی جاگیر نہیں کہ کوئی بھی اٹھے اور یہاں دہشت پھیلانا شروع کردے،عدالتوں میں قافلوں کی صورت میں آنا اور اپنے جرائم پر غرور کرنا (ن)لیگ کی سیاست کا حصہ ہے،پنجاب حکومت کسی صورت یہ برداشت نہیں کرے گی کہ شہر میں سرکاری یا نجی املاک کو مجرموں کی وجہ سے نقصان پہنچے۔