نیو یارک( آن لائن) نہایت مہلک اور متعدی نئے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں 2 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو گئے ہیں۔ملکی و غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا کے 213 ممالک اور علاقوں میں پنجے گاڑنے والی کو وِڈ 19 کی وبا سے 2 کروڑ 26 ہزار افراد متاثر ہو گئے ہیں
جبکہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 7 لاکھ 34 ہزار ہو گئی۔کورونا وائرس انفیکشن سے اب تک دنیا بھر میں 1 کروڑ 29 لاکھ لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 64 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، دنیا بھر میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 63 لاکھ 90 ہزار 636 ہے۔کوروناکیسز اور اموات کے لحاظ سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں اب تک 1 لاکھ 65 ہزار 617 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 51 لاکھ 99 ہزار سے زائد ہے، فعال کیسز کی تعداد بھی 23 لاکھ 59 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، زیر علاج 17 ہزار سے زائد کرونا مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ 26 لاکھ سے زائد کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا سے اب تک 1 لاکھ ایک ہزار 136 مریض ہلاک ہو چکے ہیں، اب تک 30 لاکھ 35 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں 21 لاکھ 18 ہزار سے زائد صحت یاب ہو گئے ہیں۔بھارت کا کورونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں تیسرا نمبر ہے، جہاں اب تک 22 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ وائرس انفیکشن سے مرنے والے کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 466 ہو گئی ہے۔