لاہور( آن لائن) گندم بحران میں شدت آگئی ہے جس کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں گندم کا ریٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں 2300، لاہور میں 2250، راجن پور میں 2200، رحیم یار خان میں 2100 روپے فی من گندم فروخت کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ خوراک رواں سال 45 لاکھ ٹن گندم کا ہدف پورا نہیں کر سکا تھا، ہدف پورا نہ ہونے کی وج سے مارکیٹ میں گندم کم ہو گئی ہے اور اس کا ریٹ بڑھا دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ گندم کو سرکاری گوداموں سے نکال کر مارکیٹ میں لایا جائے اور سستے داموں فروخت کیا جائے۔ گندم کے متوقع بحران سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو خصوصی ہدایات کرتے ہوئے بیورکریسی کا مشورہ نظر انداز کر دیا تھا۔افسران کی جانب سے وزیراعظم کو گندم کی پیداوار کم ہونے کی وجہ سے اسے اکتوبر میں مارکیٹ میں لانے کا مشورہ دیا تھا۔تاہم وزیراعظم نے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے سرکاری گوداموں میں پڑی گندم کو مارکیٹ میں لانے کا حکم دیدیا تھا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ آپ فوری طور پر گندم مارکیٹ لائیں اکتوبر میں دیکھی جائے گی۔