کراچی(این این آئی)مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا، سرکار کی اجازت کے بغیر ڈیری فارمرز نے دودھ مزید 10 روپے اضافے سے 120 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس وقت دودھ کے سرکاری نرخ 94 روپے ہیں مگر دکانوں پر پہلے ہی دودھ 110 روپے لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا اور اب ڈیری فارمرز نے ریٹیل قیمت 120 لیٹر کر دی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب ڈیری فارمز ہی مہنگا
دودھ فروخت کریں گے تو ہم بھی قیمت بڑھانے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب کمشنر کراچی افتخار احمد کا کہنا ہے کہ عوام مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کرے، زائد نرخ پر دودھ فروخت کرنے والوں پر جرمانے ہونگے اور جیل بھی بھیجا جائے گا۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر گجر نے موقف اختیار کیا ہے کہ بھینسوں اور چارے کی قیمتیں کافی حد تک بڑھ چکی ہیں، اس لئے دودھ کی قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا۔