لاہور( این این آئی )جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ اورسیاسی جوڑتوڑ کے ماہرطاہربشیرچیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صرف اراکین پنجاب اسمبلی ہی نہیں بلکہ اراکین قومی اسمبلی کی بھی ہماری قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،کیا (ن) لیگ کے اراکین اس لیڈر شپ کے لئے لڑیں جو ڈیل کر کے باہر بھاگ گئی ہے۔
فارورڈ بلاک کے لئے درکار مطلوبہ تعداد ہمارے ساتھ رابطے میں ہے اورجس دن قیادت کہے گی ملاقاتیں کرنے والے اراکین اسمبلی کو سامنے لے آئیں گے۔ ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹر ویو میں طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ میں اگرعمران خان سے مخلص ہوں تومجھے شورکرنے کی بجائے اپنا کام کرناہے جومیں کررہاہوں، (ن)لیگ صرف اراکین پنجاب اسمبلی ہی نہیں بلکہ کئی اراکین قومی اسمبلی کی بھی ہماری قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،دوسری جماعتوں کے بھی اراکین قومی اسمبلی ہیں لیکن (ن) والوں کی زیادہ ملاقاتیں ہوئیں ہیں، (ن) لیگ کے ارکان اسمبلی کیا اس لیڈرشپ کے لئے لڑیں جوڈیل کرکے باہربھاگ گئی ہے، (ن) لیگ کی قیادت انہی ارکان اسمبلی کا سودا کرکے ڈیل کرتے ہیں، شہبازشریف کیا کررہے ہیں؟،(ن) لیگ کے ارکان بیوقوف نہیں کہ ایسی قیادت کا اعتبار کریں۔ طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ فارورڈ بلاک کے لئے درکار مطلوبہ تعداد ہمارے ساتھ رابطے میںہے ،جس دن قیادت کہے گی ان سب ارکان اسمبلی کو سامنے لے آئیں گے ۔ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتنے اراکین اسمبلی رابطے میں کہ ان کی طبیعت صاف کرنے کے لئے کافی ہوں گے، جس دن ہمیں چیلنج کریں گے ان کا شیرازہ بکھر جائے گا۔
طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ بس یہ سمجھ لیں کہ جنوبی پنجاب سے اپوزیشن کے تمام ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ا س سوال کہ اگر اپوزیشن ارکان کی حمایت ہے توپھر وزیراعظم مائنس ون کی بات کیوں کرتے ہیں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سچے،ایماندار اوردلیر لیڈرہیں لیکن سیاست میں تھوڑے بھولے بھالے ہیں،بعض اوقات جذبات میں ایسی بات ہوتی ہے لیکن وزیراعظم کسی بلیک میلنگ اوردبائومیں نہیں آتے، جنوبی پنجاب سب سیکرٹریٹ کے فعال ہونے کے چند روز بعد اپوزیشن ارکان پر مقامی دبائو آئے گا ،اس مقامی دبائو کے بعد پنجاب اسمبلی میں علیحدہ صوبے کی قرارداد کی مخالفت کوئی نہیں کرسکے گا،سب سیکرٹریٹ پہلا قدم ہے جس کا اختتام علیحدہ صوبہ ہی ہوگا۔