اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی جانب سے پی آئی اے کے امریکہ میں موجود روز ویلٹ ہوٹل کی نجی کاری کے حوالے سے مشاورت جاری ہے جس کا حتمی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، روز ویلٹ کی نجی کاری کے خلاف لیگی رہنما شدید ردعمل دے رہے ہیں، ایسے میں سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا ایک پرانا کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے روز ویلٹ کو فروخت کرنے کی بات کی ہے، میاں نواز شریف نے پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے اور اسے منافع بخش بنانے بارے کہا کہ روز ویلٹ کو بیچ دیں اور اس سے
پی آئی اے کا سارا قرض اتار دیں، حکومت مزید پیسہ دے، نئے جہاز خریدیں، روٹس وہی رکھیں جو آپ کو چاہئیں۔ بہترین سروس دیں، نئے جہاز دیں، ایک نئی ائیرلائن بنائیں۔میاں نواز شریف نے اس ویڈیو میں کہا کہ پی آئی اے وہ ائیرلائن ہے جس نے ایمریٹس ائیر لائن کو کھڑا کیا، سعودی ائیرلائنز کو کھڑا کیا ہے اور کئی دیگر ائیر لائنز کو کھڑا کیا لیکن آج پی آئی اے سب سے پیچھے ہے۔میاں نواز شریف نے ہوٹل بیچنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہ کر سکے۔اسی معاملے پر اب لیگی رہنماؤں کی جانب سے حکومت پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔