اسلام آباد (این این آئی)کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جمعرات کو مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مستقبل کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایوی ایشن ڈویژن کی سفارشات کی روشنی میں ٹاسک فورس
ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ ہوا،ٹاسک فورس وزیر نجکاری کی زیر صدارت قائم کی گئی تھی۔ اجلاس میں میسرز ڈیلوئیٹ رپورٹ کی روشنی میں پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹل کی نج کاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔ کمیٹی نے عزم کااظہار کیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کے بارے میں تمام فیصلے میرٹ پہ کئے جائیں گے، وزارت نجکاری کو بورڈ سے مشاورت کے بعد مالیاتی مشیروں کی نامزدگی کاکام شروع کرنے سے متعلق ہدایات دی گئی گئیں۔