لاڑکانہ (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان نے لاڑکانہ میں احساس ایمرجنسی کیش ڈسٹریبوشن سنٹر کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھیں۔معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سندھ میں 60 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں،
سندھ کے پچاس لاکھ خاندانوں کو احساس کیش مہیا کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق احساس کیش پروگرام میں سندھ کا حصہ 22 فیصد سے بڑھا کر 31 فیصد کیا گیا ہے تاکہ وہ تمام خاندان مستفید ہو سکیں جو مستحق اور ضرورت مند ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ محض لاڑکانہ کے ایک لاکھ پچاسی ہزار خاندان احساس کیش کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ ان ایک لاکھ پچاسی ہزار خاندانوں میں سے اب تک ایک لاکھ پندرہ ہزار خاندانوں کو معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت محض لاڑکانہ میں 2.2 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ لاڑکانہ میں کیش ڈسٹریبیوشن کیلئے 36 سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے احساس کیش سنٹر پر موجود مزدوروں، ریڑھی والوں اور دیہاڑی دار افراد سے بات چیت بھی کی۔ سنٹر پر موجود ریڑھی والوں نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ان کو ریڑھی لگانے اور روزگار کمانے کی اجازت نہیں دی جاتی جس کے نتیجے میں ان کو اور انکے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے محنت کشوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی روش نہایت افسوس ناک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محنت کش ریڑھی والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔