اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن والے لاک ڈاؤن کے باعث معیشت کو بیٹھانا اور ملک میں اس وبا سے زیادہ اموات چاہتے ہیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کے نشتر چلائے جبکہ قوم کو اپنی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ لندن سے بھاگے بھاگے آئے ماسک پہنا اور لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ گئے کہ میں بتاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ تاثر یہ ملا کہ ملک مشکل میں ہے اور یہ ان حالات کو کیش کرنے کی کوشش میں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن والے چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے باعث معیشت بیٹھ جائے اور زیادہ اموات ہوں۔ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے ایک انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق بھارت میں 34 فیصد گھرانے مدد فراہم نہ کرنے کی صورت میں ایک ہفتہ سے زیادہ زندہ رہنے کے قابل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے 9 ہفتوں کے دوران ایک کروڑ خاندانوں کو کووڈ۔19 سے پیدا ہونے والی صورت حال میں 120 ارب روپے کی نقد رقم شفاف طریقے سے فراہم کی ہے۔ ہمارے اس پروگرام کو بین الاقوامی طو رپر سراہا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے پیش کش کی کہ وہ اس طرح پروگرام کے لئے بھارت کو مدد اور معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔