اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی لند ن میں منظر عام پر آنے والی تصویر کا بھی تذکرہ ہوا ۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں منظر عام پر آنے والی حالیہ تصویر کا بھی تذکرہ ہوا۔کابینہ ارکان نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف ملک کا بیڑاغرق کرکے باہر سیروتفریح کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ
ایسے لوگوں کوشرم بھی نہیں آتی۔دوسری جانبوزیراعظم نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد کورونا کا شکار ہونے پر نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے ہنگامی پلان طلب کرلیا ۔ذرائع کے مطابق وزارت صحت، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) وزیراعظم کو میڈیکل اسٹاف کی حفاظت سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلئے حفاظتی سامان کی فراہمی اور ان کو دی جانے والی سہولیات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں روز بروز کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اب تک مجموعی تعداد 76 ہزار 398 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 1621 ہے۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد میں اس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن فائٹرز ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی شامل ہے۔