اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے ریوینیو میں 2019 میں 43 فیصد اضافہ ہو ا ہے۔پاکستان ایئر لائن ( پی آئی اے ) نے سال 2019 کے نتائج جاری کردیے۔سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی سربراہی میں پہلے مکمل سال کے نتائج اسٹاک ایکسچینج میں جمع کروا دیے گئے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق 2019 میں
پی آئی اے کے ریوینیو میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 104 ارب سے بڑھ کر 148 ارب تک پہنچ گیا ہے۔2018 میں پی آئی اے کو 18 ارب کا گراس خسارہ ہوا تھا جو 2019 میں 8 ارب گراس منافع میں تبدیل ہوگیا ہے۔ 8 سال میں پہلی دفعہ پی آئی اے کو گراس منافع ملا ہے۔پی آئی اے کے کل آپریشنل نقصان میں 76 فیصد کمی آئی ہے۔ پی آئی اے نے 2018 میں 32 ارب کا آپریشنل نقصان کیا تھا جو 2019 میں کم ہو کے 7 اعشاریہ 7 ارب رہ گیا۔2019 کے دوسرے چھ مہینوں میں پی آئی اے نے بریک ایون کیا تاہم پہلے چھ مہینوں میں ہونے والے خسارے کی وجہ سے سال 7 اعشاریہ 7 ارب پر بند ہوا۔پی آئی اے کے کل خسارہ میں سال 2018 کے خسارے کو فنانس کرنے کے باوجود 2019 میں 19 فیصد کی کمی آئی ہے۔