لاہور(این این آئی )لاک ڈائون میں نرمی کے بعد گرجاگھروں میں بھی عبادت کی اجازت دے دی گئی ہے ، دوماہ کی بندش کے بعد مسیحی برادری نے اتوارکی عبادت میں شرکت کی۔ اس موقع پر کوروناسے بچا ئو کے لیے ایس اوپیز کا بھی خیال رکھا گیا۔لاہورمال روڈپرواقع کیتھڈرل چرچ میں دوماہ کے بعدخاصی گہماگہمی نظرآئی ، مسیحی برادری کی بڑی تعداد اتوارکی عبادت کے لئے گرجاگھرپہنچی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب حکومت نے
اپریل میں گرجاگھروں میں بھی دعائیہ تقریبات پرپابندی لگادی تھی جس کے بعد بشپ اورپادری صاحبان آن لائن دعائیہ تقریب کا انعقادکرتے تھے۔کیتھڈرل چرچ میں پادری شاہدمعراج نے عبادت کے لئے آنیوالوں کا خیرمقدم کیا۔ عبادت میں شریک لوگ ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پربیٹھے تھے جبکہ شرکا نے ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے سے بھی گریزکیا۔ گرجاگھروں میں کوروناوباسے چھٹکارے کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔