اسلام آباد(این این آئی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی یورپین یونین کی سفیر Androulla Kaminara سے خصوصی ملاقات- اس موقع پر ہالینڈ اور چیک رپبلک کے سفیر بھی موجود تھے- وزارت داخلہ میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا- اس موقع پر کرونہ صورتحال کو زیر بحث لاتے ہوئے یورپین یونین کی سفیر نے کرونہ سے مقابلہ کرنے کے لیے 150 ملین یورو کی
امداد کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس امدادی رقم سے کرونہ سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کی جا سکے گی اور یہ بھی کہا کہ خوشی ہو گی اگر اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے سکیں- اس کے جواب میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس پیشکش کا بھر پور خیر مقدم کیا- وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہمارے لوگوں کو سہولت دینے پر شکر گزار ہیں- اس وقت ہمارے محنت کشوں اور دیاڑہی پر روزی کمانے والے لوگوں کو بھر پور تعاون کی ضرورت ہے- وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو جلد پورا کرنے میں مکمل تعاون کریں گے- اس موقع پر سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ ریلیف کاموں میں سہولت کے لئے پہلے ہی حکومتی آرڈر جاری کر چکے ہیں- فلاحی کاموں کے لئے این او سی کی شرط ضروری نہیں- فلاحی پراجیکٹ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ملک بھر میں کرونہ ریلیف کے لئے کئے جا سکتے ہیں- جس کو جان کر سفیر نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے امدادی رقم متعلقہ جگہوں پر پہنچانے میں آسانی ہوگی- ان کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر لوگوں کے لئے آسانیاں چاہتے ہیں- دیگر امور کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر کافی حالات میں بہتری آئی ہے- اس وبا کا مقابلہ کرنا کافی ضروری ہے، حکومت صحت اور معیشت کو ساتھ چلانے کی پوری کوشش کر رہی ہے- وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے ہر شعبے میں اب تک کی کارکردگی تسلی بخش ہے- بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے
اور ہم پوری کوشش کرتے رہے گے کہ معاملات عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوں- ملاقات کا اختتام پراجیکٹ کی جلد شروعات کے عہد پر ہوا اور سفیر نے وزارت داخلہ کے ساتھ ہونے اب تک کے کامیاب دوطرفہ پراجیکٹس پر تعاون کا شکریہ ادا کیا-