اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں انہوں نے کمیشن کے سربراہ اور دیگر اراکین سے ملاقات کی جبکہ ای سی سی فیصلوں کے حوالے سے بیان بھی قلمبند کروایا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے بتایا کہ میرے ساتھ سوال جواب میں یہ ذکر ہوا ہے کہ جلد رپورٹ فائنل ہو جائے گی۔ کمیشن کی رپورٹ میں پتا چلے گا کہ چینی سمگل ہوئی یا نہیں؟
چند دن کی بات ہے، سب کو پتا چل جائے گا کہ عمران خان اور باقی لوگوں میں کیا فرق ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چینی انکوائری کمیشن نے وفاقی منصوبہ بندی وزیر اسد عمر کو طلب کیا تھا۔ ان کی طلبی کا مقصد چینی برآمدات سے متعلق سوالات اور سبسڈی سے متعلق ان کا موقف جاننا تھا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے خود چینی انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی درخواست کی تھی۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ سابق لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے مجھے اور وزیراعظم عمران خان کو چینی انکوائری کمیشن میں بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔اسد عمر نے کہا تھا کہ وزیراعظم سے نہیں، بلکہ اگر کوئی سوال ہے تو وہ مجھ سے پوچھا جائے۔ شاہد خاقان نے مطالبہ کیا ہے کے مجھے اور وزیراعظم کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا جائے۔