کوئٹہ( این این آئی)پارلیمانی سربراہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان اسمبلی ، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے تربت بلیدہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی شدید مزمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی بذدلانہ کاروائی میں سیکیورٹی فورسز کے ایک آفسر اور پانچ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں
صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رندنے کہا ہے کہ بزدل دہشت گردوں نے چھپ کر وار کر نے کی اپنی روایت کو برقرار رکھ کر بہادر فورس کے اہلکاروں کو شہید کیا لیکن ملک دشمن قوتوں کے اشاروں پر چلنے والے دہشت گرد عناصر ہماری بہادر فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے جو انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچانے کے لیئے پر عزم ہیں ۔سردار یار محمد رند نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے رمضان کے مبارک مہینے میں ملک کی خاطر اپنی قیمتی جانیں قربان کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے صوبائی وزیر تعلیم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔