حیدر آباد (این این آئی)حیدرآباد ریجن کے 224 سرکاری افسران کی بیگمات یا گھر کا کوئی فرد مستحق بن کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)سے وظیفہ وصول کرتے رہے،ایف آئی اے کے نوٹسز جاری ہونے کے بعد 77 ملزمان نے تقریبا ایک کروڑ روپے واپس کردیئے۔
معاملے کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے کے انسپکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ حیدرآباد ریجن میں گریڈ 17 سے 20 کے 224 سرکاری افسران کی بیگمات مستحق بن کر وظیفہ لیتی رہیں۔اعلیٰ سرکاری افسران کے ان گھرانوں میں 22 کا تعلق حیدرآباد سے ہے،ضلع دادو کی 78 اور مٹیاری 13،ٹنڈوالہیار کی 5 فیملیز بھی ان میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ٹنڈومحمدخان کی9، جامشورو کی 14، ٹھٹھہ 54اور بدین میں 20بیگمات یا گھر کا کوئی فرد بھی شامل رہا ہے۔انسپکٹر رمیش کمار کے مطابق رقوم واپسی کے نوٹسسز جاری کئے جانے کے بعد گزشتہ 3 روز کے دوران 77 ملزمان کی جانب سے ایک کروڑ کی رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔