ہنگو (این این آئی)ضلع ہنگو میں 2014 ء میں اسکول پرخودکش حملہ ناکام بنانے والے شہید اعتزاز حسن کی والدہ انتقال کر گئیں۔شہید اعتزاز حسن کے والد نے بتایا کہ مرحومہ کی نماز جنازہ دوپہر دو بجے آبائی علاقیابراہیم زئی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ ضلع ہنگو میں 6 جنوری 2014 ء کو شجاعت و قربانی کی عظیم مثال قائم کرنے والے 15 سالہ اعتزاز حسن نے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرکے اسکول اور اس میں موجود بچوں کی جانوں کو بچاکر تعلیم دشمن دہشت گردوں کو
پیغام دیا کہ وہ قوم کے بچوں سے لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔اعتزاز حسن نے خودکش حملہ آور کو اسوقت دبوچ لیا تھا جب وہ ہنگو میں واقع ابراہیم زئی اسکول پر حملہ کرنے جارہا تھا جہاں اس وقت دو ہزار کے لگ بھگ طالب علم اسمبلی کے لئے جمع تھے۔اعتزاز نے اپنے ساتھیوں کے بارہا منع کرنے کے باوجود دہشت گرد کے ناپاک عزائم کو بھاپنتے ہوئے اسے پوری قوت سے جھکڑ لیا یہاں تک کہ خودکش جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی اور اعتزاز حسن علم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔